اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کے ٹکٹس آج 7 اپریل کو ملک بھر میں فروخت کے لیے دستیاب ہوں گے۔ یہ ٹکٹس ملک بھر کے ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر شام 4 بجے سے حاصل کیے جا سکیں گے۔ آن لائن ٹکٹس کی فروخت پہلے ہی 4 اپریل کو شروع ہو چکی ہے۔
زیادہ تر میچوں کے لیے عام اسٹینڈ کے ٹکٹس کی قیمت 650 روپے ہوگی تاہم اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان افتتاحی میچ، راولپنڈی میں ہونے والے کوالیفائر،اور قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے دونوں الیمنیٹرز کے لیے عام ٹکٹس کی قیمت 1000 روپے ہوگی۔ قذافی اسٹیڈیم میں فائنل کے لیے عام ٹکٹس کی قیمت 1500 روپے مقرر کی گئی ہے۔
پہلے درجے کے ٹکٹس کی قیمت زیادہ تر میچوں کے لیے 1250 روپے ہوگی تاہم افتتاحی میچ کے لیے پہلے درجے کے ٹکٹس کی قیمت 2000 روپے رکھی گئی ہے جبکہ کوالیفائر اور دونوں الیمنیٹرز کے لیے 2500 روپے ہوں گے۔ فائنل کے لیے پہلے درجے کے ٹکٹس کی قیمت 3000 روپے ہوگی۔
پریمیم ٹکٹس کی قیمت زیادہ تر میچوں کے لیے 2000 سے 3500 روپے تک ہوگی۔ کوالیفائر اور دونوں الیمنیٹرز کے لیے پریمیم ٹکٹس کی قیمت 4000 روپے رکھی گئی ہے جبکہ فائنل کے لیے پریمیم ٹکٹس 4500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
وی آئی پی ٹکٹس کی قیمت زیادہ تر میچوں کے لیے 3000 سے 3500 روپے ہوگی۔ افتتاحی میچ اور فائنل کے لیے ان کی قیمت 6000 روپے ہے جبکہ کوالیفائر اور دونوں الیمنیٹرز کے لیے یہ 5000 روپے ہوں گے۔
وی وی آئی پی ٹکٹس کی قیمت زیادہ تر میچوں کے لیے 4500 سے 5500 روپے ہوگی۔ پہلے الیمنیٹر کے لیے یہ 6500 روپے، دوسرے کے لیے 7000 روپے، اور فائنل کے لیے 10000 روپے مقرر کی گئی ہے۔
گیلری ٹکٹس کی قیمت زیادہ تر میچوں کے لیے 5000 سے 9000 روپے ہوگی جبکہ فائنل کے لیے یہ 12500 روپے میں دستیاب ہوں گے۔