وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر مشتعل افراد نے ریلوے اسٹیشن کو آگ لگا دی ہے۔حملہ آوروں نے عمارت میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد سے ملک بھر میں جاری پی ٹی آئی کے مظاہرے تاحال جاری ہیں۔ مظاہرین نے اسلام آباد کے ترنول ریلوے اسٹیشن پر حملہ کرنے کے بعد عمارت کو آگ لگائی۔
کراچی میں نذرِ آتش کی گئی گاڑیوں کی تفصیلات جاری
آتشزدگی کے باعث ریلوے اسٹیشن کا سامان، فرنیچر اور ریکارڈ جل گیا ہے۔ مظاہرین نے اسلام آباد پولیس لائنز میں داخلے کی بھی کوشش کی تاہم پولیس کی جانب سے شیلنگ کے بعد سراپا احتجاج افراد منتشر ہو گئے۔
سری نگر ہائی وے پر بھی تحریکِ انصاف کے کارکنان اور پولیس کے مابین جھڑپ ہوئی۔ ایس ایچ او تھانا سنگجانی سمیت دیگر افراد زخمی ہوگئے۔ مظاہرین نے تھانہ رمنا کے باہر موجود بکتر بند گاڑی کو بھی نذرِ آتش کردیا۔
اسلام آباد پولیس کا دعویٰ ہے کہ مظاہرین کے ساتھ جھڑپوں کے دوران ایف سی اور پولیس کے 28 جوان زخمی ہوچکے ہیں۔ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد سے گرفتار مظاہرین کی تعداد 110ہوگئی ہے۔