بلوچستان میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر حملے کے خلاف عوام نے شدید احتجاج کیا ہے اور ریلی بھی نکالی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے شہید تمبو میں اسٹاک ایکسچینج حملے کے خلاف شہید معراج ویلفیئر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈاکٹر مشتاق احمد عمرانی نے کی۔
اہلِ علاقہ نے کثیر تعداد میں احتجاجی ریلی میں شرکت کرکے دہشت گردوں اور ان کی پشت پناہی کرنے والے بھارت کو واضح پیغام دیا کہ وہ کسی بھول میں نہ رہیں، ہم فوج کے ساتھ مل کر تمام ناپاک عزائم خاک میں ملادیں گے۔
احتجاجی ریلی کے اختتام پر انجینئر میر مقبول احمد عمرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جوانوں نے 8 منٹ کے مختصر ترین وقت میں تمام دہشت گردوں کو جہنم رسید کردیا۔
اسٹاک ایکسچینج کی عمارت کی حفاظت پر مامور سیکورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے میر مقبول عمرانی نے کہا کہ دہشت گردوں کو جہنم واصل کرکے ہم نے پیغام دیا کہ ہم مادرِ وطن کی سلامتی کیلئے چوکس اور تیار ہیں۔