کراچی: چیئر مین بلدیہ سیّدنیئر رضا کی ہدایت پر بلدیہ کورنگی کے تحت کورونا وائرس حفاظتی اقدامات کے حوالے سے مہم تیز ی کے ساتھ جاری ہے۔
ماحول کی بہتری اور وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کے پیش نظرجہاں ضلع کورنگی کے تمام علاقوں میں صاف ستھرے ماحول کے قیام کو یقینی بنا یا جارہا ہے وہیں جراثیم کش اور کلورین واٹر اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔
گزشتہ روز شاہ فیصل کالونی کی تمام یونین کمیٹیز میں مساجد و امام بارگاہوں اور تجارتی مراکز کے ساتھ ساتھ گلیوں اور محلوں میں جراثیم کش اور کلورین واٹر اسپرے کیا گیا۔
دوسری جانب کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کے لئے یونین کمیٹیز کے چیئر مین ،وائس چیئر مین اور وارڈز کونسلرز میدانِ عمل میں ہیں۔
بلدیاتی افسران و عملہ عوامی مسائل کے حل کے لئے لاک ڈاؤن کے دوران اپنے فرائض تندہی کے ساتھ انجام دے رہا ہے۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے چیئر مین بلدیہ کورنگی سیدنیئر رضا نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران ہم ضلعی حدود میں بلاتعطل بلدیاتی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔
چیئرمین بلدیہ کورنگی نے کہا کہ بلدیاتی سرگرمیاں جاری رکھ کر عوام کو سہولتیں پہنچا رہے ہیں۔ کورونا وائرس سےنمٹنے کے لئے اقدامات بھی انجام دیئے جارہے ہیں۔
سیّد نیر رضا نے بلدیہ کورنگی کے تمام محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام علاقوں میں نیک نیتی کے ساتھ صفائی وستھرائی کا عمل جاری رکھیں۔
نیر رضا نے کہا کہ صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا نے کے لئے جراثیم کش اسپرے کا عمل بھی تواتر کے ساتھ مکمل نگرانی میں یقینی بنایا جائے۔