جنگ سے گریز کرنے والے مذہبی یہودی گروہ کو زبردستی فوج میں شامل کرنے کا اعلان، اسرائیل میں نیا بحران

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

فوٹو کرسچینیٹی ٹوڈے

اسرائیلی فوج کی جانب سے فوجیوں کی تعداد بڑھانے اور جنگ بند کرنے کی درخواست کے بعد نئے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے مذہبی (حریدی) نوجوانوں کو فوجی خدمات میں شامل کرنے کے لیے ان کے 7000 افراد کی بھرتی کے آرڈر بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔

اس اعلان سے انہوں نے نیتن یاہو کے لیے اتحادیوں کی جانب سے درپیش نیا بحران پیدا کردیا ہے۔ مذہبی اشکنازی کی “متحدہ تورات یہودیت” بلاک کے ذرائع نے بتایا ہے کہ لیکوڈ پارٹی نے اس اقدام سے حریدیوں کے خلاف اعلان جنگ کردیا ہے۔

حریدی قیادت نے تصدیق کی ہے کہ وہ فوج میں اپنے جوانوں کی خدمت کرنے سے صاف انکار کرتی ہے۔ قیادت نے کہا کہ یہ نوجوان تورات کے تدریسی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لیے وقف ہیں۔ اسے فوجی خدمات کے متوازی سمجھا جاتا ہے۔ حریدی مذہبی رہنماؤں نے بھی بھرتی کو مسترد کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ فوجی خدمات کے بجائے اسرائیل چھوڑنے کو ترجیح دیں گے۔ مذہبی رہنماؤں نے دھمکی دی ہے کہ اگر یسرائیل کاٹز نے اپنے فیصلے پر اصرار کیا تو وہ حکومتی اتحاد کو ختم کر دیں گے۔ وہ نیتن یاہو کے اس رویے کو اپنے خلاف اشتعال انگیزی سمجھتے تھے۔

واضح رہے یسرائیل کاٹز کی جانب سے الٹرا آرتھوڈوکس کو بھرتی کرنے کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب فوجی قیادت نے وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو فوجیوں کی تعداد میں شدید کمی سے آگاہ کیا تھا اور بتایا تھا کہ فوجیوں کی قلت سے ان کے جنگی فیصلوں پر اثر پڑ رہا ہے۔ اس طرح فوج نے نیتن یاہو کو دو میں سے ایک آپشن پیش کیا تھا کہ یا تو وہ جنگ روک دے یا پھر وہ بھرتی کی پالیسی بدل دے۔

فوج نے اعداد و شمار شائع کیے جس میں کہا گیا کہ اس کے جنگی نظام میں فوجیوں کی تعداد ضرورت کے مقابلے میں 83 فیصد ہے۔ غزہ پر جنگ کے آغاز اور لبنان تک اس کی توسیع کی وجہ سے اگلے سال بھرتیوں کی شرح 81 فیصد تک گر جائے گی ۔ اگر لازمی سروس کی مدت میں تین سال کی توسیع کی گئی تو یہ فیصد بڑھ کر 96 فیصد ہو جائے گا۔

اعداد و شمار میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں میں سے 48 فیصد باقاعدہ فوجی تھے 18 فیصد مستقل سروس میں تھے اور 34 فیصد ریزرو فورسز میں تھے۔ فوج نے 12,000 نئے فوجیوں کو سروس میں شامل کرنے کی درخواست کی تھی جن میں سے 8000 جنگجوؤں کی بھرتی کا کہا گیا تھا۔ باقی بھرتیاں انتظامی اور لاجسٹک امور کے لیے تجویز کی گئی تھیں۔

وزارت دفاع نے جمعے کے روز ایک بیان میں کہا کہ حریدی بھرتی کے آرڈرز اتوار کو بتدریج اسرائیلی فوج کے تحفظات کے مطابق بھیجے جائیں گے۔ اسرائیلی آرمی ریڈیو نے اطلاع دی ہے کہ اتوار کو حریدیوں کو ان کے 1,000 افراد کی بھرتی کے آرڈر بھیجے جائیں گے۔ بعد میں 6,000 بھرتی کے آرڈر بھیجے جائیں گے۔

Related Posts