کراچی کے علاقے مبارک ولیج کے ساحل پر گزشتہ 8 روز سے چٹانوں میں پھنسے ہوئے کوئلہ بردار بحری جہاز کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق جہازکو نکالنے کے لیے سمندری چٹانوں کو توڑنے کا عمل جاری ہے۔ اس آپریشن میں دو کرینیں (ایکسکیویٹر ز) حصہ لے رہی ہیں۔
مبارک ولیج کے ساحل پر کوئلے سے لدا بحری جہاز 8 روز قبل تیز ہواوں کے باعث ساحل پر پتھریلی چٹانوں میں پھنس گیا تھا، جسے نکالنے کے لیے گزشتہ 8 روز سے کارروائی جاری ہے۔
شروع میں صرف چار ٹگ بوٹس کے ذریعے ریسکیو آپریشن کیا جارہا تھا جس میں تیزی لانے کے لیے آپریشن میں 2ایکسکیویٹرزبھی منگوائے گئے ہیں۔
متعلقہ حکام کے مطابق بارج نامی کوئلہ بردار جہاز مکمل طورپر چٹانوں کے بیچ میں پھنس چکا ہے ۔ جب تک چٹانوں کو نہیں توڑا جاتا جہاز نکالا نہیں جاسکتا۔ اس ریسکیو آپریشن میں مقامی ماہی گیروں کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق کوئلہ بردار جہاز کا تعلق بلوچستان میں قائم پاور کمپنی سے ہے۔ کوئلہ بردار جہاز پھنسنے سے مبارک ولیج کا ساحل ایک بار پھر آلودگی کی زد میں آنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق جہاز کو نکالنے کی کوشش میں اگر جہاز کو کوئی نقصان پہنچا تو سیاہ رنگ کا کوئلہ پورے ساحل کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔