پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ شہرِ قائد میں نجی اسکول 6 جنوری تک بند رکھے جائیں گے۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ سردی کے موسم کے باعث نجی اسکولز میں تعطیلات بڑھائی جارہی ہیں۔
سندھ حکومت کے اعلان کے مطابق سرکاری اسکولز آج یکم جنوری سے کھل گئے جبکہ 50 فیصد سے زائد نجی اسکول آج بھی بند رہے جس کے بعد پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کا تعطیلات میں توسیع کا اعلان سامنے آیا۔
پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے اعلان کے باوجود سندھ حکومت کے سیکریٹری تعلیم اپنے اعلان پر قائم ہیں۔ کراچی میں سردی کی شدت میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جبکہ سرکاری اور نجی اسکول چھٹیوں کے معاملے میں تقسیم ہوگئے ہیں۔
ایسوسی ایشن کے اعلان کے بعد بعض نجی اسکولز نے چھٹیوں میں از خود اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے، کئی اسکولوں نے پہلے سے والدین کو چھٹیوں کے متعلق آگاہ کیا تھا جبکہ دوسری جانب والدین نے شدید سردی میں حکومتِ سندھ فیصلے پر تنقید کی۔
بیشتر والدین نے حکومتِ سندھ کے شدید سردی کے باوجود تعطیلات میں اضافہ نہ کرکے بچوں کو ٹھنڈ میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور کرنے کے اعلان کو سمجھ سے بالاتر قرار دے دیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صوبۂ سندھ کے محکمۂ تعلیم نے سردی بڑھ جانے کے باعث اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافے کی خبر غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے بھر کے اسکولز یکم جنوری سے کھول دئیے جائیں گے۔
سیکریٹری اسکول ایجوکیشن کے مطابق سندھ کے سرکاری اسکولز کے ساتھ ساتھ نجی اسکولز کو بھی چھٹیوں کا یکساں شیڈول دیا گیا ہے جبکہ چھٹیوں میں اضافے کے حوالے سے کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔
مزید پڑھیں: محکمۂ تعلیم نے چھٹیوں میں اضافے کی خبر غلط قرار دے دی