حضورؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، صدر مملکت

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

صدر مملکت نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیر اعظم کی سمری واپس بھیج دی
صدر مملکت نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیر اعظم کی سمری واپس بھیج دی

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے کہا ہے کہ حضورؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے،حکومت کی پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز کی ایک مثالی فلاحی مملکت بنانے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ میں بارہ ربیع الاوّل کے پر مسرت و مبارک موقع پر پاکستانی قوم اور ملتِ اسلامیہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لانا چاہیے کہ اس نے حضرت محمد خاتم النبیینؐ کو مبعوث فرما کر انسانیت پر احسان فرمایا اور ہمیں انکے اْمتی ہونے کا شرف بخشا۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو تمام جہانوں کے لیے رحمت بنا کر مبعوث فرمایا۔ آپؐ کی اطاعت و فرمانبرداری ہی دونوں جہانوں میں کامیابی کی کنجی ہے۔

حضورؐ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے۔ اللہ رب العزت نے آپؐ کو تمام انسانوں کی طرف بشیر، نذیر، نبی اْمی، سراج منیر اور رحمت اللعالمین ؐبنا کر بھیجا۔

مزید پڑھیں:
ملک بھر میں آج جشن عید میلادالبنیﷺ عقیدت واحترام کیساتھ منایا جارہا ہے

عید میلادالنبیﷺ، عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ دلہن کی طرح سج گئی، تصاویر وائرل

انہوں نے کہاکہ آپ ؐنے انسانیت کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت پر یکجا کیا اور عالم انسانیت پر دنیوی اور آخروی فلاح و کامرانیوں کے اسرار افشاں فرمائے۔

یہ آپؐ کا ہی اعجاز ہے کہ جانی دشمنوں کو ایک دوسرے کا خیر خواہ بنا دیا۔ انہوں نے کہاکہ آپ ؐ نے دہائیوں سے متحارب قبائل کو ریاست مدینہ کے فلاحی نظم کا حصہ بنایا۔

آپؐ نے قبائلی عصبیت و قومیت کے بت کو پاش پاش کر کے اسکی جگہ ایک عالمگیر مساوات، بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا۔

حضورؐ رنگ، نسل ،خاندان ، زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے۔ آپؐنے ایسی فلاحی ریاست قائم کی جس میں امیر اور غریب کے حقوق برابر تھے۔

موجودہ دور میں بھی ، امت مسلمہ کو درپیش مسائل بالخصوص معاشرے میں پائے جانے والی انتشار ، نفاق ، ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت کی پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز کی ایک مثالی فلاحی مملکت بنانے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسلام کے حقیقی تصور سے آشنا ہونے کیلئے ہمیں سیرت طیبہ کو جاننے کی ضرورت ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ حکومت اس کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

انہوں نے کہاکہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ریاست مدینہ کے خواب کو جلد شرمندہ تعبیر فرمائے۔ آمین۔

Related Posts