وفاقی حکومت میں بیٹھے کاریگر بحران پیدا کرنے کے ماہر ہیں، وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Saeed Ghani
Saeed Ghani

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت میں بیٹھے کاریگر بحران پیدا کرنے کے ماہر ہیں،کچھ لوگوں کی جانب سے پی ٹی آئی پر بڑی سرمایہ کاری کی گئی الیکشن پر بڑا خرچہ کیاگیا اب آٹے کے بحران کی شکل میں ریکوری تو ہوگی۔

سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد کابینہ میں کئے جانے والے فیصلوں سے متعلق میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئےوزیر اطلاعات نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں موٹرسائیکلز میں ٹریکر لگانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ جرائم ودہشت گردی کے واقعات میں استعمال ہونیوالی زیادہ تر موٹرسائیکلز چوری کی ہوتی ہیں،کابینہ ارکان کی تجویز تھی کہ تمام گاڑِیوں میں ٹریکر لازمی قراردیاجائے، اسی پہلو کو پیش نظر رکھتے ہوئے موٹر سائیکلوں میں ٹریکر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

کابینہ نے اپنے اجلاس میں سندھ میں ماسٹر پلان اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی ،ماسٹرپلان اتھارٹی کراچی سمیت تمام شہروں کے ماسٹرپلان بنائے گی۔ کابینہ کے فیصلے کے تحت سندھ ریونیو بورڈ نے مخصوص سیکٹرز پر ٹیکس دس اور تیرہ فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ سندھ کابینہ نے اپنے گزشتہ اجلاس میں آئی جی پولیس پر عدم اعتماد کا اظہار کیاتھا۔وفاقی حکومت سے آئی جی کے معاملے پر تفصیلی مشاورت ہوئی تھی وفاقی حکومت نے دو نام مزید ارسال کرنے کا کہاتھا،سندھ حکومت نے پانچ نام آئی جی سندھ پولیس کے لئے ارسال کردیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی جی پولیس سندھ حکومت کیخلاف سازشوں میںملوث ہیں،کابینہ نے آئی جی پولیس کے رویہ پرتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ کابینہ ارکان کیخلاف سازشوں میں بھی ملوث رہے ہیں جوانتہائی تشویشناک بات ہے ۔

سندھ کابینہ نے وفاقی حکومت کو ایک اور خط لکھنے کا فیصلہ کیاہے۔انہوں نے بتایا کہ سندھ کابینہ نے اس رائے کا بھی اظہار کیا کہ کلیم امام پولیس کی کسی پوسٹ پرتعنیاتی کے اہل نہیں ہیں۔ سندھ حکومت نے کلیم امام کو آئندہ کسی عہدے پر تعینات نہ کرنے کے لئے سفارش وفاق کو ارسال کرنے کافیصلہ کیاہے۔

وزیراطلاعات سعیدغنی نے کہا کہ سندھ کابینہ نے گندم کی خریداری کی منظوری دیدی ہے تاہم ابھی امدادی قیمت کا تعین نہیں ہوا۔آٹے کے بحران کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کہا کہ آٹے کی قلت ختم ہوناشروع ہوگئی ہے تاہم پنجاب میں حالات ٹھیک نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پارک لین اور میگا منی لانڈرنگ کیس: آصف علی زرداری پر فردِ جرم 11 فروری تک مؤخر

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخواہ سے گندم افغانستان اسمگل ہوتی ہے ،پنجاب نے آٹھ لاکھ ٹن گندم مرغیوں کی فیڈ مل کو دی جو پہلی مرتبہ ہوا، ڈھٹائی کی بات ہے کہ پنجاب کے وزرا یہ بات ماننے کو تیارنہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہنگی گندم امپورٹ کرنے کے کیامقاصد ہیں اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو سالانہ 11لاکھ ٹن گندم درکار تھی ،سندھ کے پاس آٹھ لاکھ ٹن گندم موجود تھی ،پاسکو سے لی گئی گندم کراچی حیدرآباد ڈویژن میں بھیجی گئی ہے۔

Related Posts