کراچی: ملک بھر میں قومی اسمبلی کی آٹھ اور پنجاب اسمبلی کی تین نشستوں پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت اختتام پذیر ہوگیا، جبکہ اب ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان قومی اسمبلی کے 7 حلقوں سے رکنِ اسمبلی کی نشست کیلئے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ ملتان میں مہربانو قریشی اور علی موسیٰ گیلانی میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔
خانیوال، شرقبور اور چشتیاں کی صوبائی نشستوں کیلئے بھی ضمنی انتخابات جاری ہیں۔ آج صبح 8 بجے پولنگ شروع ہوئی تھی، جو شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی۔ ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی سمیت دیگر جماعتیں میدان میں اتر گئیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ رواں ماہ اکتوبر کے دوران ہی ہوگا۔ انہوں نے امریکی صدر کے بیان پر موجودہ حکومت پر تنقید بھی کی۔
مزید پڑھیں:عمران خان 7حلقوں سے امیدوار، ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ شروع ہوگئی
آج ہونے والے ضمنی انتخاب میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ممکنہ جیت یا شکست کو لانگ مارچ کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آج اگر عمران خان جیت گئے تو لانگ مارچ حکومت کیلئے شدید مشکلات ہوسکتی ہیں۔