اسلام آباد: کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں 13 نئے فیڈر روٹس پر الیکٹرک بس سروس کا آغاز کر دیا ہے۔
اس وقت 120 الیکٹرک بسیں ان روٹس پر فعال ہیں جبکہ مزید 40 بسیں جون 2025 تک شامل کی جائیں گی جس کا انحصار ایچ9 بس ڈپو میں چارجنگ انفراسٹرکچر کی تکمیل پر ہوگا۔
یہ منصوبہ اسلام آباد میں بس ریپڈ ٹرانزٹ سسٹم کو مزید مربوط بنانے اور عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔ اس کے تحت 216 بس اسٹاپس اور چار اہم ڈپوز قائم کیے جائیں گے جو شہر کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
پہلی 30 الیکٹرک بسوں کا آغاز جولائی 2024 میں کیا گیا تھا جو اب تک 32ہزار سے زائد مسافروں کو سفری سہولت فراہم کر چکی ہیں۔
سی ڈی اے کے طویل المدتی منصوبے کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ ماسٹر پلان تیار کیا جا رہا ہے اور آئی-11 میں ملٹی ماڈل انٹر سٹی بس ٹرمینل کی تعمیر کا بھی ارادہ ہے، جس کے لیے ایشیائی ترقیاتی بینک کی معاونت حاصل کی جائے گی۔
نئے فیڈر روٹس کی تفصیلات:
فیض آباد سے نمل یونیورسٹی میٹرو اسٹیشن
فیض آباد سے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی
پاک سیکریٹریٹ سے کچہری میٹرو اسٹیشن
نیشنل لائبریری سے پمز میٹرو اسٹیشن
پمز سے بری امام
پولیس لائنز سے ڈی 12 شاہ اللہ دتہ
پمز سے نمل یونیورسٹی میٹرو اسٹیشن
پمز سے گولڑہ شریف
آبپارہ سے ترامڑی
کھنہ پل سے نیلور
فیض آباد سے پیر ودھائی موڑ
گولڑہ موڑ سے واہ کینٹ
گولڑہ موڑ سے آئی-16
یہ اقدام نہ صرف شہریوں کو بہتر، آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرے گا بلکہ اسلام آباد میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔