کراچی: شارعِ نور جہاں پولیس نے کروڑوں کی ڈکیتیوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ شہر میں قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں کیلئے ہر طرح کا اسلحہ باآسانی کرائے پر دستیاب ہے۔
تفصیلات کے مطابق شارعِ نور جہاں پولیس نے پاپوش قبرستان کے قریب کارروائی کرتے ہوئے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کیا جن میں شہریار عرف معصوم بنگالی اور سعید بنگالی شامل ہیں۔ ملزمان نے 5 روز قبل اقبال مارکیٹ میں جبکہ 2 ماہ قبل سرجانی ٹاؤن کے گھر میں ڈکیتی کی۔
مینار پاکستان ہراسگی کیس، عائشہ اور ریمبو کی مبینہ آڈیو ٹیپ سامنے آگئی
بلوچستان، حب میں گاڑی پر کریکر حملہ، مقامی صحافی جاں بحق ہوگیا
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شہریار عرف معصوم بنگالی حیدر آباد میں 6 کروڑ کی واردات میں ملوث ہے۔ ملزم 10 سال کی سزا کاٹنے کے بعد باہر آیا اور پھر جرم کرنے لگا جبکہ ملزمان نے دورانِ تفتیش حیرت انگیز انکشافات کیے ہیں جن کے مطابق سٹی کورٹ مال خانے میں اسلحہ کرائے پر ملتا ہے۔
تفتیش کے دوران ملزمان نے بتایا کہ ان کا خلیل نامی ساتھی مخصوص مدت کیلئےملزمان کو اسلحہ فراہم کرتا ہے۔ خلیل کو پستول کیلئے 8 ہزار روپے دئیے جاتے ہیں۔ ڈکیتی کی وارداتوں میں خلیل ساتھ جاتا ہے۔ا گر پکڑے جائیں تو خلیل جعلی وکیل بن کر تھانے میں جوڑ توڑ بھی کرواتا ہے۔
ملزمان نے بتایا کہ سٹی کورٹ میں آنے والے کئی سرکاری افسران کو ٹپ دی اور ریکی کا کہا۔ خلیل کے کہنے پر سنٹرل میں کے الیکٹرک کے افسر کی ریکی کی۔ مفرور ملزم خلیل سزائے موت سے بری ہو چکا ہے۔ ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کا تعلق ایم کیو ایم لندن سے بتایا ہے۔
گرفتار ملزمان کا ساتھی مفرور ملزم خلیل کار چوری کی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے ڈکیتیوں اور دیگر جرائم پر مزید تفتیش جاری ہے جس کے دوران اہم انکشافات کی توقع ہے۔ ملزمان کے خلاف مؤثر کیس بنا کر مزید کارروائی کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔