اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہبازگل نے کہا ہے کہ واضح شکست نظر آنے پر آزاد کشمیر الیکشن کے دوران مخالفین کی غنڈہ گردی سے شہید ہونے والے کارکنوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
اپنے ٹویٹس میں انہوں نے کہا کہ ان کارکنوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور ذمہ داروں کو سخت سزا دلوانے کے لیے پاکستان تحریک انصاف ہر حد تک جائے گی۔
مقامی انتظامیہ مجرموں کے خلاف فوری کارروائی کرے۔انہوں نے کہا کہ نواز محب ملاقات میں طے شدہ پروگرام کے مطابق مسلم لیگ (ن) دھاندلی کا شور مچائے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ تشدد، فائرنگ، جلاؤ کی کوشش بھی کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ مودی کی ایما پر الیکشن کی ساکھ پر اعتراض اور سوالات کئے جائیں گے اور افراتفری کی کوشش ہو گی لیکن ان سب کو ناکامی ہوگی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں عمران خان کی کامیابی سے بھارت بہت خائف ہے، الیکشن میں عوام نے بڑھ چڑھ کر بلے پر مہر لگائے،انشاء اللہ کشمیر میں پی ٹی آئی ہی حکومت بنائے گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے کشمیر کے حوالے سے عمران خان حکومت کی بھر پور مخالفت کی، آزاد کشمیر میں عمران خان کی حکومت بننے سے انڈیا کو بہت بڑ ادھچکا لگے گا۔
انہوں نے کہاکہ پنڈدادنخان پی ٹی آئی کا گڑھ ہے،وہ پی ٹی آئی امیدوار کو ووٹ دینے پر شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ کشمیر یوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے اندر آزادانہ، منصفانہ انتخابی عمل مقبوضہ کشمیر کے عوام کو امید اور جلا بخشتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک دن ضرور مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادانہ انتخابات میں حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابی عمل پرامن رہا ہے۔
مزید پڑھیں: آزادکشمیر الیکشن:غیرحتمی اورغیر سرکاری نتائج، پی ٹی آئی متعدد نشستوں پر کامیاب