اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر و چیف آر گنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف جلد ہمارے درمیان ہوں گے،ان پر قائم مقدمات بھی جلد ختم ہوتے دکھائی دینگے،مہنگائی پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔
شہباز شریف کا فوکس گورننس ٹھیک کرنے، ملک اور قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالنے پر ہے،وطن واپسی پر میری توقعات سے بڑھ کر رسپانس ملا،جلسے الیکشن کے قریب کریں گے، ہمارا مقابلہ بہت بدتمیز لوگوں سے ہے،سچا الزام دوہراتے ہوئے بھی ہمیں بہت مشکل پیش آتی ہے، اپنا آئی ٹی ونگ بنا رہے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی میرے بھائی ہیں، خود چل کر جاؤں گی،تنظیم سازی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہوں، کوئی کرسی میری ترجیح نہیں، پی ڈی ایم انتخابی اتحاد نہیں،جنید کا ابھی سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے میڈیا سے غیررسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عوام جانتے ہیں کہ موجودہ مسائل، مہنگائی اور معاشی تباہی کن کی وجہ سے آئی، کون اس کا ذمہ دار ہے؟۔
انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی بنیاد، شناخت اور اصل قوت کارکردگی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب وطن واپسی آئی تو عوام کا جوش خروش اور تعداد دیکھ کر خوشگوار سرپرائز ملا،میری توقعات سے بڑھ کر رسپانس ملا۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور، ملتان، ایبٹ آباد میں پارٹی کارکنوں کے جذبات پر بہت متاثر ہوئی ہوں۔ مریم نواز نے کہا کہ اسلام آباد میں تنظیمی کنونشن کا جذبہ مثالی اور دیدنی تھا، نوجوان، خواتین اور بزرگ بڑی تعداد میں موجود تھے۔
انہوں نے کہاکہ شہباز شریف کا فوکس گورننس ٹھیک کرنے، ملک اور قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالنے پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ مہنگائی پر آنکھیں بند نہیں کر سکتے۔
مریم نواز نے کہاکہ سیاسی میدان سیاسی مخالفین کیلئے خالی چھوڑ دیاگیا تھا، ورکرز کنونشن ہورہے ہیں،جلسے الیکشن کے قریب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تنظیمی کنونشن کا تمام پروگرام قائد محمد نواز شریف نے خود ترتیب دیا۔
انہوں نے کہاکہ مشکل ترین دور میں میڈیا نے ہمارا ساتھ دیاجس پر بہت شکریہ ادا کرتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا کی کمزوری کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) عملی میدان میں کام کرنے والی جماعت ہے۔