اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں آل پارٹیز کانفرنس طلب کر لی ہے، یہ اجلاس دوپہر 12 بجے منعقد ہوگا جس میں آپریشن “بنیان مرصوص” کی کامیابی اور دیگر اہم قومی معاملات زیرِ بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور نمائندے شرکت کریں گے تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان کی شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے آپریشن “بنیان مرصوص” کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں ہر سال 10 مئی کو “یومِ مارکۂ حق” منانے کا اعلان کیا تھا، بیان میں وزیر اعظم نے کہا کہ یہ دن پورے ملک میں قومی یکجہتی، جذبے اور فخر کے ساتھ منایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
وزیر اعظم نے مزید اعلان کیا کہ 16 مئی کو ایک ایسا دن قرار دیا جائے گا جو دفاعی محاذ پر افواجِ پاکستان کی عظیم کامیابیوں کے اعتراف اور اللہ تعالیٰ کے حضور شکر بجا لانے کے لیے مخصوص ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یومِ تشکر کے تسلسل میں جمعہ کے روز خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جائے گا، تاکہ ملک و قوم کی ترقی کے لیے دعا کی جا سکے۔
وزیر اعظم نے “مارکۂ حق” کے دوران شہید ہونے والے افراد کے لیے شہداء پیکیج کا بھی اعلان کیا۔
مارکۂ حق کے دوران شہید ہونے والے پاکستانی شہریوں کے لواحقین کو فی کس ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
زخمی ہونے والے افراد کو ان کی حالت کے مطابق 10 لاکھ سے 20 لاکھ روپے تک کی امداد دی جائے گی۔
افواجِ پاکستان کے شہداء کے لواحقین کو ان کے رینک کے مطابق 1 کروڑ سے 1 کروڑ 80 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔
افواجِ پاکستان کے شہداء کے لواحقین کو رہائش کی سہولت کے لیے 1 کروڑ 90 لاکھ سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے تک دیے جائیں گے۔
یہ اقدامات آپریشن بنیان مرصوص کے تحت کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور قومی اتحاد و یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔