اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف آج ایک روزہ مختصر دورے کیلئے کراچی پہنچ گئے جو پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن مشق کا معائنہ کریں گے، تقریب سے خطاب بھی وزیر اعظم کے دورۂ کراچی کے شیڈول کا حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کراچی پہنچے جہاں حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم کراچی میں بین الاقوامی امن مشق کا جائزہ لیں گے جس کا اہتمام پاک بحریہ نے کیا ہے۔ وزیر اعظم تقریب سے خطاب کے دوران قومی اقتصادی و سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ ضیا محی الدین کے گھر تعزیت کیلئے پہنچ گئے
گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سیّد مراد علی شاہ سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج شام 6 بجے ہوگا جس میں ملک کی سیاسی و اقتصادی صورتحال پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔
حال ہی میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی بطور چیئرمین پی ٹی آئی ہدایات پر خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلیاں تحلیل کردی گئیں، جس کے بعد تحریکِ انصاف انتخابات کی تاریخ دینے کا مطالبہ کرتی رہی تاہم وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے مثبت ردِ عمل سامنے نہیں آسکا۔
تاہم لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں عام انتخابات کے انعقاد کی تاریخ دینے کا حکم دے دیا جس کے بعد گزشتہ روز الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا۔ آج وفاقی کابینہ اجلاس میں وزیر اعظم سمیت دیگر کابینہ اراکین ملک کی سیاسی صورتحال پر گفت و شنید کریں گے۔