اسلام آباد: وزارتِ پارلیمانی امور نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری وزیر اعظم شہباز شریف کو ارسال کردی ہے جو صدرِ مملکت کو ارسال کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کا آخری اور الوداعی اجلاس آج ہوگا جس سے وزیر اعظم شہباز شریف خطاب کریں گے۔ ایوانِ زیریں سے خطاب کے بعد وزیرِ اعظم 15ویں قومی اسمبلی کی تحلیل کیلئے سمری صدرِ مملکت کو ارسال کریں گے۔
حکومت نے وسیم مختار کو چیئرمین نیپرا تعینات کردیا
آئینی اعتبار سے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر صدرِ مملکت قومی اسمبلی 48 گھنٹوں کے اندر اندر تحلیل کریں گے، تاہم صدر کے دستخط نہ کرنے کی صورت میں قومی اسمبلی 2روز میں از خود تحلیل ہوجائے گی۔
گزشتہ روز تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کل حکومت اپنی مدت پوری کر رہی ہے۔ صدرِ پاکستان کو اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے لکھ بھیجوں گا۔ اقتدار نگراں حکومت کے حوالے کردیا جائے گا۔
وزارتِ پارلیمانی امور کی جانب سے وزیر اعظم کو ارسال سمری میں تاریخ کی جگہ خالی چھوڑ دی گئی ہے جس پر تاریخ کا اندراج وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے جس کے بعد سمری صدرِ مملکت عارف علوی کو ارسال کی جائے گی۔