اسلام آباد: قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم کی سنی اتحاد کونسل کے اراکین سے نشستوں پر جاکر ملاقات ہوئی ہے جن میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب خان اور سابق اسپیکر اسد قیصر شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم قومی اسمبلی اجلاس میں پہنچے تو اراکین نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے مولانا فضل الرحمٰن کی نشست پر جا کر ملاقات کی اور خیریت بھی دریافت کی۔ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان سے بھی نشست پر جا کر ملاقات کی۔
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران وزیراعظم نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سنی اتحاد کونسل کے رکن عامر ڈوگر اور رکنِ اسمبلی زین قریشی سے بھی ان کی نشستوں پر جا کر ہاتھ ملایا۔ قومی اسمبلی ایوان میں وزیراعظم شہباز شریف کا آج کا دن مصروف رہا۔ بلوچستان کے اراکین نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔
پی پی پی کی خواتین اراکین بھی گروپ کی صورت میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات اور تبادلہ خیال کیلئے پہنچیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، ن لیگ کی خواتین اراکین اور ن لیگ کے چیف وہپ طارق فضل چوہدری بھی ان رہنماؤں میں شامل ہیں جن سے آج وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات ہوئی اور انہوں نے مختلف ہدایات بھی کیں۔
دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر اویس لغاری کی بھی ملاقات ہوئی۔ ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی، پی پی پی کے چیف وہپ اعجاز جاکھرانی، رکن پی پی پی شازیہ مری اور رانا قاسم نون بھی ایسے سیاسی رہنماؤں میں شامل ہیں جن کی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات اور مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔