اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ یومِ آزادی پوری قوم کیلئے ایک تاریخی دن ہے جبکہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں۔
تفصیلات کے مطابق آج کنونشن سینٹر اسلام آباد میں یومِ آزادی کے موقعے پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ میں پاکستان سمیت دنیا بھر کے پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
یومِ آزادی، مزارِ قائد پر گارڈز تبدیلی کی پروقار تقریب
مرکزی تقریب میں وزیر اعظم نے پرچم کشائی کی۔ اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا قیام کسی معجزے سے کم نہیں۔ ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار کی تعریف کرتا ہوں۔
تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ آج ملک کا 75واں یومِ آزادی پاکستانی قوم کیلئے ایک تاریخی دن کی حیثیت رکھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ مقبوضہ جموں و کشمیر اور مقبوضہ فلسطین کے عوام کو بھی آزادی نصیب فرمائے۔
موجودہ مون سون سیزن کے دوران ہونے والے حادثات کے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے۔ بہت سے لوگ اپنے پیاروں سے بچھڑ گئے ہیں۔ قیامِ پاکستان ہمارے لیے ایک بہت بڑا سبق ہے۔