وزیرِ اعظم عمران خان کا اپوزیشن جلسوں کے خلاف خود میدانِ عمل میں اُترنے کا فیصلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اسلام آباد: وزیرِ اعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ اپوزیشن جلسوں کے خلاف میدانِ عمل میں خود اتریں، حکومت کی طرف سے حزبِ اختلاف کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِا عظم عمران خان کی زیرِ صدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں اپوزیشن جلسوں کے خلاف حکمتِ عملی طے کی گئی جس کے مطابق اپوزیشن کی طرف سے کسی بھی بیان کا وزیرِ اعظم اور حکومتی ترجمان خود جواب دیں گے جس کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس اور دیگر تقاریب کے دوران میڈیا گفتگو کا سہارا لیا جاسکتا ہے۔

حکومتی بیانیے کو کانفرنسز، ٹاک شوز اور تقاریب سمیت میڈیا نمائندگان سے مختلف النوع گفتگو میں آگے بڑھایا جائے گا۔ اپوزیشن کی بدعنوانی اور حالیہ مہنگائی کی وجوہات پر عوام کو اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے ترجمانوں کو اپوزیشن کی بد ترین کارکردگی عوام کے سامنے لانے کا عندیہ دے دیا ہے۔

ترجمانوں کے اجلاس میں شریف خاندان کی بدعنوانی پر بھی گفتگو ہوئی۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ این اے 120 کے ضمنی انتخابات میں سرکاری فنڈز اربوں کے حساب سے استعمال کیے گئے جس پر وزیرِ اعظم نے مذکورہ حلقۂ انتخاب میں بدعنوانی بے نقاب کرنے کی ہدایت کی۔

مہنگائی کے حوالے سے وفاقی وزراء نے مختلف تجاویز پیش کیں، ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کو اگر قابو میں نہ لایا گیا تو حکومت کا کوئی اقدام کارگر ثابت نہیں ہوسکتا، اشیائے خوردونوش کی قیمتیں عوام کی دسترس میں لائی جائیں۔ وزیرِ اعظم نے اتفاق کرتے ہوئے مہنگائی کے خلاف ہنگامی اقدامات کی نوید سنائی۔ 

یہ بھی پڑھیں:  کرپشن بچاؤ مہم شروع، جناح اسٹیڈیم بھر کے دکھائیں۔شبلی فراز