وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے 3روزہ دورے کیلئے روانہ ہوگئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے کیلئے آج روانہ ہوں گے
وزیر اعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے کیلئے آج روانہ ہوں گے

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان 3 روزہ سرکاری دورے پر ریاض میں منعقد ہونے والی مشرقِ وسطیٰ سبز اقدام (ایم جی آئی) سمٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔

وزیراعظم سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی کابینہ کے دیگر ارکان سمیت ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

مہنگائی کے خلاف پائیدار اقدامات کرکے عام آدمی کو ریلیف دیں گے۔وزیراعظم

وزیر اعظم کا دورۂ سعودی عرب، شوکت ترین عمران خان کے ساتھ ہوں گے۔ذرائع

ایم جی آئی سمٹ میں وزیر اعظم موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش چیلنجز کے متعلق پاکستان کا مؤقف بیان کریں گے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پاکستان کا تجربہ بھی اجاگر کریں گے۔

مشرق وسطیٰ کے خطے میں ایم جی آئی سمٹ اپنی نوعیت کا پہلا اجلاس ہے جو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر منعقد کیا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ سرسبز سعودی عرب اور سرسبز مشرقِ وسطیٰ اقدامات کا آغاز سعودی ولی عہد نے مارچ 2021 میں کیا۔

ولی عہد محمد بن سلمان کے اقدامات کا مقصد ماحول کا تحفظ ہے۔وزیراعظم عمران خان نے دونوں اقدامات کا خیرمقدم کیا اور وفاقی حکومت کے کلین اینڈ گرین پاکستان اور 10 بلین ٹری سونامی شجرکاری مہم سے اخذ کردہ نتائج سامنے رکھنے کی پیشکش کی۔

وزیر اعظم سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے جس میں اقتصادی اور تجارتی تعلقات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔اس دوران سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کیلئے مزید مواقع پیدا کرنے سمیت دیگر امور زیر غور آئیں گے۔

دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب میں شریک ہوں گے اور سعودی عرب میں پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجر برادری سے بات چیت کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق  پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں جن کی جڑیں مشترکہ عقیدے ، تاریخ اور باہمی تعاون پر ہیں۔ سعودی عرب 20 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی میزبانی کرتا ہے جس سے دونوں ممالک میں ترقی و خوشحالی آئے گی۔

Related Posts