عمران خان کا عراقی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، مذہبی سیاحت کے فروغ پر اتفاق

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

عمران خان کا عراقی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، مذہبی سیاحت کے فروغ پر اتفاق
عمران خان کا عراقی وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ، مذہبی سیاحت کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عراقی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس کے دوران پاک عراق تعلقات اور دونوں ممالک کے مابین مذہبی سیر و سیاحت کے شعبے کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور عراق تجارت، سرمایہ کاری، انفراسٹرکچر، تعمیر و ترقی اور مذہبی و ثقافتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں۔ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم عمران خان اور مصطفیٰ الکاظمی کے مابین ٹیلیفونک رابطے میں باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاقِ رائے سامنے آیا۔

ٹیلیفونک رابطے کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے عراقی حکومت کیلئے رواں برس اکتوبر کے دوران ہونے والے انتخابات سے متعلق نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ عراق میں جمہوری اقدار اور ادارے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوطی اور استحکام حاصل کریں گے۔

رابطے کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے عراقی ہم منصب کو گزشتہ ماہ تعاون و شراکت داری کے عنوان سے بغداد کانفرنس کی کامیابی سے تکمیل پر مبارکباد دی اور ہرسال مذہبی مقامات کی زیارت  کو جانے والے ہزاروں پاکستانی شہریوں کی میزبانی کیلئے عراقی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔

اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور عراق کے مابین دو طرفہ مذہبی و دینی سیر و سیاحت کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کیلئے سیاحت کا شعبہ مفید ثابت ہوگا۔ عراقی وزیر اعظم نے پاکستانی زائرین کے مذہبی جذبات کو تسلیم کرتے ہوئے تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم عمران خان اور عراقی ہم منصب مصطفیٰ الکاظمی کے مابین ٹیلیفونک گفتگو کے دوران افغانستان کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ عمران خان نے خطے میں مستحکم قیامِ امن و سلامتی کیلئے افغانستان پر پاکستان کے مؤقف کا ساتھ دینے پر عراقی وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔

  یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کو ویکسین لگانے کی جعلی انٹری پر مقدمہ درج، 2 افسران معطل

Related Posts