لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نفسیاتی دباؤ میں ہیں اسی لئے کتوں سے کھیل رہے تھے۔
وزیراعظم کی جانب سے سینیٹ انتخابات ایک ماہ پہلے کرانے کا اعلان غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایف بی آر اور ایف آئی اے کے بعد الیکشن کمیشن کے چیئرمین بھی خود ہی بن بیٹھے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت جو چاہے کرلیں، نہیں بچے گی۔ اپنے ہی پارلیمنٹرینز پر اعتبار نہیں رہا تو ان کو شو آف ہینڈ نظر آگیا۔طریقہ کار کی تبدیلی کیلئے آئین میں ترمیم ضروری ہے۔ آرڈیننس کا مطلب پارلیمنٹ کو بلڈوز کرنا ہوگا۔ ذاتی مفادات کے لیے آئین کا حلیہ بگاڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کتوں سے کھیلنا اور بات، اداروں سے کھیلنا خطرناک ہے۔ اپوزیشن کے استعفوں پر الیکشن کرانے کی باتیں محض دھمکیاں ہیں۔ ہم چوڑیاں پہن کر نہیں بیٹھیں گے۔ ہم آپ کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ جلسے کے دوران یہ کتوں کو نہیں کھلا رہے تھے بلکہ نفسیاتی طور پر دباؤ میں اپنا خوف بھلا رہے تھے۔
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے الزام عائد کیا کہ جعلی حکومت پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس میں دباؤ ڈال رہی ہے۔ الیکشن کمیشن کو فارن فنڈنگ کیس کو بھی دیکھنا چاہیے۔ سیاست کے سارے طریقے جانتی ہوں۔ یہ کوئی خالہ جی کا گھر نہیں کہ آپ ضمنی الیکشن کا اعلان کریں گے تو تسلیم کر لیں گے۔
سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی برسی میں شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی نے اسی سلسلے میں خصوصی فون کیا تھا، میری پوری کوشش ہوگی کہ میں گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو کے مزار پر حاضری دوں اور انہیں خراج عقیدت پیش کروں
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت کے باوجود نواز شریف کی قیادت میں ہم متحد ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کو دونوں ہاتھوں سے سلام پیش کرتی ہوں۔بلاول اور شہباز شریف ملاقات کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلائی جا رہی ہے۔ اگر پی ڈی ایم استعفوں کا فیصلہ کرے گی تو شہباز شریف ساتھ ہوں گے۔