اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی جامع بارڈر مینجمنٹ پالیسی ، مؤثر سرحدی کنٹرول اور داخلی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے عملی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے ہمراہ پشاور کور ہیڈ کوارٹرز کے دورے کے موقع پر کیا۔ خیبرپختونخوا کے گورنر شاہ فرمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
ڈی جی آئی ایس پر آر کے مطابق پشاور کور ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر وزیراعظم نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انہیں سکیورٹی کی موجودہ صورت حال ، ملک میں استحکام کے لیے کی جانے والی کارروائیوں ، پاک افغان سرحد کے ساتھ باڑ لگانے اور این ایم ڈی میں جاری سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔
ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم کو پاک افغان بین الاقوامی سرحد پر سیکورٹی کی تبدیل ہوتی ہوئی صورت حال سے نمٹنے کے لیے مختلف ہنگامی اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع (NMDs) میں سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے قابل عمل ماحول فراہم کرنے پر سکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ، وزیر اعظم نے کوویڈ ، ٹڈی دل ، انسداد پولیو مہمات اور درخت لگانے کی مہم کے دوران سول انتظامیہ کو مدد فراہم کرنے پر فورسز کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اپنے عہدے سے مستعفی