وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے مطابق کشمیر پاکستان کی شہرگ ہے، اسے پاکستان سے جدا نہیں کیا جاسکتا، آج قائد اعظم کے یومِ پیدائش پر قوم روحِ قائد سے اپنے عہد کا اعادہ کرتی ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جاری یومِ قائد پیغام کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم جاری ہے جبکہ بھارت میں مسلمان اقلیت کو بد ترین امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کو یقین تھا کہ دو الگ قومیں کبھی ایک نہیں ہوسکتیں، بھارت میں متنازعہ شہریت بل پر مسلمانوں کے ساتھ ظلم و ستم قائد اعظم کے تصور کی تصدیق کے لیے کافی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بابائے قوم کا کردار آزاد وطن بنانے میں بے مثال رہا، انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت سے عوام کے دل جیتے اور الگ وطن بنایا۔ دنیا آج دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلانے والے بھارت کو بے نقاب دیکھ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے تصور اور فکر و فلسفے کو سمجھنا ایک اہم سنگ میل ہے جس تک پہنچنے کے لیے طویل ریاضت کی ضرورت ہے۔ نئے پاکستان کو قائد کا پاکستان بنانے کے لیے اتحاد، ایمان اور نظم کے اصول اپنائیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کو دو قومی نظریہ سمجھانا ہو تو کوئی سبق پڑھانے کی ضرورت نہیں، آج بھارت کے حالات سب کچھ سمجھا دیں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اگر ہم آج کے جوان کو سمجھانا چاہیں کہ پاکستان بنانے کی ضرورت ہی کیوں پیش آئی تو تاریخ کے اسباق سے مؤثر ہمسایہ ملک کے حالات ہیں۔
مزید پڑھیں: نوجوانوں کو دو قومی نظریہ پڑھانے کی ضرورت نہیں۔اسد عمر