وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں ایران کے سپریم لیڈر اور صدر حسن روحانی سے ملاقاتوں اور ایران سعودی تعلقات کے حوالے سے تجاویز پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقدامات پر بھی گفت و شنید ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد کو ایران میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ترک صدر طیب اردوان نے شام میں جنگ بندی کا امریکی مطالبہ مسترد کردیا
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان وفود کی سطح پر مشاورتی عمل بھی شروع کردیا گیا جس کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان سعودی جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔
سعودی عرب اور ایران میں موجودہ تنازعے کے پس منظر میں ہونے والے پاک سعودی وفود سطح کے مذاکرات میں مسائل کا متفقہ حل نکالنے پر غور کیا گیا جبکہ دونوں ممالک میں امن عمل کے حوالے سے اتفاقِ رائے دیکھنے میں آیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ امریکا جنگ نہیں چاہتا ، نہ ایران جنگ چاہتا ہے جبکہ پاکستان سے سہولت کاری کا کردار ادا کرنے کی درخواست امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی۔
بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ جنگ پر یقین نہیں رکھتے جبکہ ایرانی صدر کا بھی یہی خیال ہے۔
مزید پڑھیں: امریکا جنگ نہیں چاہتا اور ٹرمپ نے سہولت کاری کا کہا۔وزیر اعظم عمران خان