امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی کشیدگی اور مشرق وسطیٰ کے بدلتے حالات کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو اہم ہدایات دی ہیں ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کاکہنا تھا کہ میں نے ہدایات دی ہیں کہ وزیرخارجہ ایران، سعودی عرب اور امریکہ جاکر ان ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملیں جبکہ آرمی چیف متعلقہ عسکری قائدین سے روابط قائم کریں ۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ وزیر خارجہ اور آرمی چیف متعلقہ ممالک کے فوجی سربراہان کو واضح پیغام دیں کہ پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے تاہم اب دوبارہ کسی جنگ کا حصہ نہیں بن سکتا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے عمانی وزیر مذہبی امور سلطان قبوس بن سید کی ملاقات کے دوران واضح کیا تھا کہ پاکستان خطے میں مزید کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، جنگ کسی کے بھی مفاد میں نہیں، خطے میں تنازع سے پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان خطے میں مزید کسی جنگ کا حصہ نہیں بنے گا، وزیراعظم عمران خان
دوسری جانب امریکی سیکریٹری دفاع مارک ایسپر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ٹیلیوفونک رابطہ کیا تھا جس میں آرمی چیف کاکہنا تھا کہ ہم موجودہ تناؤ کی صورتحال کاخاتمہ چاہتے ہیں اور خطےمیں امن کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کریں گے۔
مزید پڑھیں: خطے میں امن کے لیے اٹھائے گئے تمام اقدامات کی حمایت کریں گے، آرمی چیف