پنک بس سروس کا آغاز

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ملک کی دیگر حکومتوں کی طرح سندھ حکومت کو بھی گزشتہ کئی سال سے اپنی مختلف پالیسیوں اور فیصلوں پر عوام کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے جبکہ جمہوری معاشروں میں تنقید مثبت سمجھی جاتی ہے۔

تاہم ضروری ہے کہ تنقید بھی تعمیری ہو اور اس کا مقصد مثبت تبدیلی لانا ہو، نہ کہ پوائنٹ اسکورنگ اور بے جا نکتہ چینی کو ہی زندگی کا مقصد بنا لیا جائے۔ تنقید کے باوجود سندھ حکومت نے حالیہ برسوں میں کچھ مثبت اقدامات بھی اٹھائے جن کے اثرات وسیع ہیں۔

مثال کے طور پر سندھ حکومت نے بنیادی انفراسٹرکچر کی ترقی میں سرمایہ کاری کی۔ نئی سڑکیں اور پل تعمیر کیے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نظام کو بھی توسیع دی ہے۔

حال ہی میں سندھ حکومت نے پنک بس سروس کا آغاز کیا جسے تازہ ہوا کے جھونکے سے تعبیر کیا جاسکتا ہے۔ بس سروس کا مقصد خواتین کو نقل و حمل کا ایک محفوظ اور آرام دہ ذریعہ فراہم کرنا ہے۔ کراچی میں سفر کے دوران خواتین کو درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے بس سروس کا آغاز اہم اقدام ہے۔

پاکستان کی مجموعی آبادی کے نصف سے بھی زیادہ حصہ یعنی خواتین ہماری ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جسے فراموش کرنا حقیقت سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔ ضروری ہے کہ خواتین کو بھی نقل و حمل کا محفوظ طریقہ فراہم کیا جاتا جس کا پنک بس سروس کی صورت میں اچھا آغاز کیا گیا ہے۔

پنک بس سروس خواتین کیلئے سفرکو محفوظ اور آرام دہ بنانے کیلئے تمام تر ضروری سہولیات اور حفاظتی اقدامات سے لیس ہے۔ حکومت نے وعدہ کیا ہے کہ مستقبل میں یہ سروس کراچی کے علاوہ سندھ کے دیگر شہروں میں بھی دستیاب ہوگی۔

خواتین کی محفوظ ٹرانسپورٹ تک رسائی یقینی بنانے کیلئے پنک بس سروس کراچی کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں جو سفر کے دوران درپیش مسائل کا حل فراہم کرتی ہے۔

حکومتِ سندھ کا یہ اقدام خواتین کی سفری ضروریات کو پورا کرنے، ان کے تحفظ اور آرام دہ نقل و حمل کو یقینی بنانے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔

کراچی کی ٹرانسپورٹ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے سندھ حکومت نے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں، تاہم ملک کے سب سے بڑے شہر کی آبادی بہت زیادہ ہے جس کے باعث اب تک مہیا کی گئی تمام تر سہولیات ناکافی نظر آتی ہیں۔

بے شمار خواتین کو الگ بس سروس نہ ہونے کے باعث بسوں میں کھڑے ہو کر سفر کرنا پڑتا تھا۔ پنک بس سروس فی الحال ایک محدود علاقے کی خواتین کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی تاہم اسے مثبت سمت میں ایک پہلا قدم قرار دیا جاسکتا ہے۔

Related Posts