اسلام آباد :وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے طیارے کے حادثے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ قومی اسمبلی میں پیش کردی۔
وفاقی وزیر ہوا بازی نے قومی اسمبلی میں اظہار کرتے ہوئے ہوائی جہاز کے کپتان ، عملے کے ممبران اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کو واقعہ پر مورد الزام ٹھہرایا ۔
انہوں نے کہا کہ پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کی طرف سے دی جانے والی ہدایت کو نظرانداز کیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ذمہ دار وں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل غلام سرور خان نے کراچی میں پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 کے حادثے سے متعلق ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق طیارہ ٹیک آف کے لئے فٹ تھا اور اس کے لینڈنگ گیئرز بھی ٹھیک طرح سے کام کر رہے تھے۔ ہوائی جہاز کا کپتان اور فرسٹ افسر تجربہ کار تھا اور اس وقت کا موسم بھی پرواز کے لئے موزوں تھا۔
ابتدائی تفتیشی رپورٹ میں طیارے کے کپتان ، عملے کے ممبران اور ایئر ٹریفک کنٹرولر کے علاوہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کو بھی حادثات کی روک تھام میں غلطیوں کی وجہ سے ذمہ دار ٹھہرایا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: طیارہ حادثے کے بعد لواحقین شہداء کی میتوں کیلئے دربدر