اسلام آباد:وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف اندراج مقدمہ کے لئے ایف آئی اے کو درخواست دے دی گئی۔
درخواست جنرل سیکریٹری تحریک تحفظ ناموس رسالت ﷺ پاکستان و مرکزی ترجمان شہداء فاؤنڈیشن حافظ احتشام احمد نے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے سائبر کرائم اسلام آباد کو دی۔
حافظ احتشام احمد نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ ڈاکٹر شہباز گل نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹ میں ترجمان پی ایم ایل این پر تنقید کرتے ہوئے فرشتوں کے متعلق توہین و تضحیک آمیز الفاظ کا استعمال کیا۔
قرآن و حدیث کی روشنی میں ڈاکٹر شہباز گل کا ٹوئٹ توہین و تضحیک آمیز ہے،ڈاکٹر شہباز گل مذکورہ ٹوئٹ کرکے فرشتوں کی توہین و تضحیک کے مرتکب ہوئے اورڈاکٹر شہباز گل کے مذکورہ ٹوئٹ سے درخواست گزار سمیت لاکھوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
درخواست میں ڈاکٹر شہباز گل کے خلاف تعزیرات پاکستان اور پی ای سی اے کی متعلقہ دفعات کے تحت فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
رات خواب میں ایک فرشتہ آیا۔بیچارہ تھکا ہوا لگ رہا تھا۔ میں نے وجہ پوچھی تو اس نے بتایا کہ وہ مریم اورنگزیب کے جھوٹوں کا حساب لکھنے پر معمور ہے۔اتنے لمبے لمبے جھوٹ محترمہ اتنے پکے منہ سے بولتی ہیں کہ فرشتے کو 2008 میں واپس جانا پڑا۔اب تیرہ تیرہ سال لمبے جھوٹ بولیں گی تو یہی ہوگا
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) November 25, 2021