پشاور: سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عمران خان نے بغاوت کرائی ہے، اس لیے تحریکِ انصاف پر پابندی لگ سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان فوج کے خلاف بغاوت کرانا چاہتے تھے، سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ہمارا بہت ساتھ دیا۔
عمران خان کا ایک بار پھر سائفر گم ہونے کرنے کا اعتراف
بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ آخر میں جنرل باجوہ نے ہاتھ کھڑے کردئیے۔ الیکشن کیلئے ماحول جنرل (ر) فیض حمید اور قمر جاوید باجوہ نے بنایا لیکن عمران خان نہیں مانے۔ چیئرمین پی ٹی آئی 18ویں ترمیم کے خلاف تھے۔
سابق وزیر پرویز خٹک نے کہا کہ حکومت اعظم خان چلا رہے تھے اور باقی لوگ مدد کر رہے تھے۔ تحریکِ انصاف کو مجرم پارٹی ثابت کیا جاسکتا ہے۔ پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔ جب کوئی حکومت میں نہ ہو تو مقدمات قائم ہوتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کا قیام کیسز بنانے کیلئے ہی عمل میں لایا گیا۔ مجھے الیکشن فروری میں نظر آرہے ہیں۔ عمران خان کیلئے 4کیسز بشمول توشہ خانہ، سائفر، منی لانڈرنگ اور 9 مئی مسائل کھڑے کرسکتے ہیں۔
پرویز خٹک نے کہا کہ سب سے خطرناک کیس 9 مئی کا ہے جو فوجداری کیس بنتا جارہا ہے۔ خیال رہے کہ سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے 2 ماہ قبل تحریکِ انصاف کو خیرباد کہہ کر نئی پارٹی کی بنیاد رکھ دی تھی۔