لاہور: سینیٹ الیکشن کے بعد صوبہ پنجاب میں سیاسی صورتحال یکسر تبدیل ہوسکتی ہے کیونکہ الیکشن کے بعد نئے وزیرِ اعلیٰ کے طور پر چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری نثار کے ناموں پر غور شروع کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ سینیٹ کے الیکشن کے بعد پنجاب میں بڑی تبدیلی متوقع ہے۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو تبدیل کر دیا جائے گا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق پنجاب کی وزراتِ اعلی کیلئے 2 امیدواروں کے نام سامنے آگئے ہیں جن میں ایک تو ق لیگ کے رہنما اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری الٰہی ہیں اور دوسرا نام سابق وفاقی وزیرِ داخلہ چوہدری نثارخان کا ہے۔
ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چوہدری برادران سے سینیٹ الیکشن میں تعاون کی درخواست کی ہے اور ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔وزیراعظم عمران خان اور چوہدری برادران کی ملاقات میں پنجاب کی وزارت اعلی پر بھی مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے چوہدری پرویز الٰہی کو سینیٹ الیکشن میں مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے بعد وزیراعلی پنجاب بنانے کی یقین دہانی بھی کرائی اور چوہدری پرویز الہی کو پنجاب کے معاملات اپنے مطابق چلانے کا اختیار بھی دیا۔
چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب میں سینیٹ انتخابات کیلئے جوڑ توڑ شروع کر دی۔ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان بھی پنجاب کی وزرات اعلیٰ کے عہدے کیلئے سرگرم ہیں۔
سابق وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کے حلقوں میں بھی یہ خبر گرم ہے کہ چوہدری نثار کو پنجاب میں اہم ذمہ داری سونپی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے وزیراعلی کی کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں اور چوہدری نثار کو وزیرِ اعلیٰ بنانے پر غور ہورہا ہے۔
موجودہ سیاسی صورتحال میں چوہدری نثار علی خان اور چوہدری پرویز الٰہی مضبوط امیدوار ہیں تاہم اگر سینیٹ الیکشن کے دوران یا بعد میں پنجاب میں اہم تبدیلی کے حوالے سے چوہدری پرویز الہی کے ساتھ ہاتھ ہوا تو چوہدری برادران باقاعدہ طور پر ن لیگ کے ساتھ اتحاد کرسکتے ہیں جس کا نقصان وفاقی حکومت کو ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگی اراکینِ اسمبلی کی رہائش کھوکھر پیلس کی چاردیواری گرا دی گئی