لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے مہمان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے اختتام پر قومی کرکٹ ٹیم کو چھٹیوں پر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے قومی کرکٹ ٹیم کو چھٹیوں پر بھیجنے کا فیصلہ اس لیے کیا تاکہ کھلاڑی مسلسل بائیو سکیور ببل میں رہ کر ذہنی دباؤ کا شکار نہ ہوں بلکہ انہیں ورلڈ کپ کیلئے تازہ دم رکھا جائے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلنے سے قبل ہی چھٹیاں مل جائیں گی تاکہ وہ کھیل کی دنیا میں مستقبل میں آنے والے چیلنجز کیلئے ذہنی و جسمانی طور پر تیار ہوسکیں۔
انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور ببل میں جانا ہوگا جس کیلئے متحدہ عرب امارات کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یو اے ای میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئندہ ماہ سے شروع ہورہا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف کرکٹ سیریز 3 اکتوبر کو ختم ہوجائے گی جبکہ انگلینڈ کے خلاف 13 اور 14 اکتوبر کو 2 ٹی ٹوئنٹی میچز ہوں گے۔ قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں 17 اکتوبر سے حصہ لے گی۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا جس کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔
آج 18 سال بعد پاکستان آنے والی مہمان کرکٹ ٹیم پہلا ون ڈے میچ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں قومی کرکٹ ٹیم کے خلاف کھیلے گی جو دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔
مزید پڑھیں: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ون ڈے میچ آج کھیلا جائے گا