وفاقی وزارتِ خزانہ نے ملک میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں اضافہ جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں کمی کردی ہے جبکہ قیمتوں میں اس تبدیلی کا اطلاق یکم نومبر سے ہوگا۔
وزارتِ خزانہ نے گزشتہ روز پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کردیا جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے لیے سمری اوگرا نے وزارتِ پیٹرولیم کو بھجوائی۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی ٹیم کی بہتر کارکردگی کے باعث حکومت کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ پر قابو پا رہی ہے، وزیراعظم
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کو سفارش کی تھی کہ پٹرول کو 1 روپیہ فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کو 27 پیسے مہنگا کیا جائے، اس کے علاوہ مٹی کے تیل میں 2.39 روپے فی لٹر کمی کی بھی سفارش کی گئی۔
حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 56 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل میں اوگرا کی تجویز کے مطابق 2 روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔
گذشتہ ماہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا ، وزارت خزانہ کا کہنا تھا کہ اکتوبر کے مہینے میں ستمبر کی قیمتیں برقرار رہیں گی تاہم عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل پاکستان میں غیر ملکیوں کی صنعتی شعبے میں سرمایہ کاری میں تو اضافہ نہیں ہوا تاہم واپس باہر بھجوائے جانے والے ڈالروں میں اضافہ ہو گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کی طرف سے منافع کی مد میں مجموعی طور پر 34 کروڑ 92 لاکھ ڈالر بیرون ملک بھجوائے گئے۔
مزید پڑھیں: رواں مالی سال کی پہلی سہہ ماہی میں ساڑھے 21ارب ڈالر منافع باہر بھجوایا گیا، اسٹیٹ بینک