اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں نیب آرڈیننس ترمیمی بل 2023 کو منظور کر لیا گیا۔
مشترکہ اجلاس نے انسانی اعضاء کی پیوند کاری ترمیمی بل2021ء کی بھی منظوری دے دی، یہ بل ایم کیو ایم کی کشور زہرہ نے پیش کیا، نیب آرڈننس ترمیمی بل پر جماعت اسلامی کی ترامیم کو مسترد کردیا گیا۔
مشترکہ اجلاس میں سینیٹر قرۃ العین مری نے میٹرنٹی اینڈ پیرٹنٹی بل پیش کیا، بل منظور ہونے کے بعد بچے کی پیدائش پر والد 30 دن کی پیڈ چھٹی لے سکیں گے، بچے کی پیدائش پر ماں اور والد کو چھٹی دینے کا بل بھی منظور کر لیا۔
والد کو چھٹیاں سروس میں تین دفعہ میسر ہوں گی، قانون کا اطلاق اسلام آباد کی حدود میں نجی و سرکاری اداروں دونوں پر ہوگا، میٹرینٹی بل کی منظوری کے بعد ماں کو پہلی پیدائش پر 6 ماہ، دوسری پر 4 جبکہ تیسری پر 3 ماہ کی چھٹی مل سکے گی۔
نیب ترامیم کے حوالے سے وفاقی وزیر قانون نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین نیب کی غیر حاضری میں احتساب کا عمل رک جاتا ہے، نئی ترامیم کے بعد چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین نیب کی غیر حاضری پر حکومت کسی سینئر آفیسر کو ذمہ داریاں سونپے گی۔
مزید پڑھیں:پنجاب الیکشن کیس کی سماعت 23 مئی تک ملتوی
مشترکہ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون کی درخواست پر والدین کے تحفظ بل کی منظوری موخر کر دی گئی،اس کے علاوہ نجی و سرکاری سکولوں میں پیرامیڈیکل سٹاف کی سہولت سے متعلق بل منظور کر لیا گیا۔