پاکستانی ٹیم نے سیول، جنوبی کوریا میں منعقدہ ٹیکن 8 سوپ نیشنز کپ میں شاندار کامیابی حاصل کر کے اپنی برتری ثابت کر دی اور دنیا کی سب سے مضبوط ٹیکن قوم کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
ٹورنامنٹ کے آغاز میں پاکستانی اسکواڈ کو سخت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا اور پہلے دن تمام تین میچز میں شکست ہوئی تاہم قومی گیمرز نے کمال کی جرات اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے اور تیسرے دن زبردست کارکردگی دکھائی اور بالآخر چیمپئن شپ اپنے نام کر لی۔
انتہائی دلچسپ فائنل میں پاکستان کا سامنا میزبان جنوبی کوریا کے مایہ ناز کھلاڑیوں سے ہوا، جو ٹیکن سیریز میں اپنی مہارت اور جارحانہ کھیل کے لیے مشہور ہیں۔ سخت مقابلے کے باوجود پاکستانی ٹیم نے غیرمعمولی حکمت عملی اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی اور ایک تاریخی فتح حاصل کی۔
یہ شاندار کامیابی پاکستان کے ٹیکن لیجنڈ ارسلان ایش اور ان کے ساتھیوں کے بڑھتے ہوئے عالمی تسلط کا تسلسل ہے، جو عالمی ای اسپورٹس کے میدان میں پاکستان کی بالادستی کو مزید مضبوط کر رہے ہیں۔