آئی ایم ایف اہداف پر پاکستان کے عملدرآمد کی کارکردگی تسلی بخش قرار دے دی گئی۔ نگران وزیر خزانہ شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ تمام اداروں نے اہداف پر عملدرآمد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں نگران وزیرِ خزانہ شمشاد اختر نے کہا کہ پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات جاری ہیں جو مثبت انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ معاشی ٹیم آئی ایم ایف حکام کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہے۔
بیان میں نگران وزیرِ خزانہ نے کہا کہ تمام اداروں کی آئی ایم ایف اہداف پر عملدرآمد کی کارکردگی اطمینان بخش رہی۔ قوی امید ہے کہ پاکستان کے آئی ایم ایف سے مذاکرات کامیاب ہوجائیں گے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ترسیلات زر میں سہولت کیلئےعرب مانیٹری فنڈ اور اسٹیٹ بینک میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کردیئے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل چیئرمین آف دی بورڈ آف ڈائریکٹرز عرب مانیٹری فنڈ (اے ایم ایف) جناب ڈاکٹر عبدالرحمٰن بن عبداللہ الحامدی اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جناب جمیل احمد نے اے ایم ایف کے زیر اہتمام ابوظہبی میں 4روز قبل ایک تقریب میں مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے۔
مفاہمت کی یادداشت کا مقصد سرحد پار ادائیگی کے نظام ’بونا‘، جسے اے ایم ایف کی زیر ملکیت عرب علاقائی ادائیگی کی کلیرنگ اور تصفیے کی تنظیم ’اے آر پی سی ایس او‘ چلاتی ہے، اور پاکستان کے فوری ادائیگی کے نظام ’راست‘ کے درمیان تعاون کا فریم ورک قائم کرنا ہے۔