پاکستان کے تجربہ کار ٹینس کھلاڑی حمید الحق نے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں منعقدہ آئی ٹی ایف سینئر چیمپئن شپ کے فائنل میں میں اسرائیلی حریف زیولیون کے خلاف قابل ستائش فتح حاصل کی۔
حمید الحق نے یہ اعزاز سینئر کیٹیگری میں حاصل کیا، جہاں انہوں نے چھ چار، تین چھ اور دس دو کے اسکور سے کامیابی حاصل کی۔
میچ سنسنی خیز اور مشکل تھا لیکن فیصلہ کن سیٹ میں حمید الحق نے مکمل طور پر حاوی رہتے ہوئے اسرائیلی حریف کو بے بس کر دیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر اعصام الحق قریشی اور سیکرٹری جنرل کرنل (ر) ضیاء الدین طفیل نے حمید الحق کو اس اہم کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے ان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی جیت پاکستان کے لیے قابل فخر لمحہ ہے اور ملک بھر کے سینئر کھلاڑیوں کے لیے ایک تحریک ہے۔
فتح نہ صرف پاکستانی ٹینس کے لیے ایک قابلِ فخر لمحہ ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی ویٹرن ایتھلیٹس کی مسلسل محنت اور عزم کا ثبوت بھی ہے۔