ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستانی پویلین 110 اعشاریہ 2 ملین درہم (3 کروڑ امریکی ڈالرز) کی لاگت سے ملک کے مخفی خزانوں کی نمائش کیلئے تیار ہے جسے دیکھنے کیلئے آنے والوں کو تاریخ کے مختلف اوراق پلٹ کر دکھائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی ایکسپو 2020 کا انعقاد آئندہ ماہ ہورہا ہے جس کے لیے پاکستانی پویلین تیار کر لیا گیا۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفیر افضال محمود کا کہنا ہے کہ ہمارے پویلین کا مرکزی خیال پاکستان ایک مخفی خزانہ ہے۔
پویلین کی تیاری کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے یو اے ای میں پاکستانی سفیر نے کہا کہ یہ پویلین پاکستان میں سیر و سیاحت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں کو تقویت فراہم کرنے کے عزم کے ساتھ تیار کیا گیا ہے۔
آئندہ ماہ یکم اکتوبر کو منعقد ہونے والے ایکسپو 2020 کے متعلق افضال محمود نے کہا کہ ملک سے باہر یہ پاکستان کا سب سے بڑا پویلین ہوگا جو سیر و سیاحت میں پاکستان کے مخفی خزانوں کے طور پر چھپے ہوئے علاقے سامنے لائے گا۔
یو اے ای میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا کہ دنیا کو پاکستان میں موجود تجارت و سرمایہ کاری کے جن مواقع کا علم نہیں، وہ سامنے لائے جائیں گے۔ پاکستان اپنے آپ کو تجارت و سرمایہ کاری کیلئے مواقع کی سرزمین کے طور پر پیش کرے گا۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ پویلین کا دورہ کرنے والوں کو دنیا کی قدیم ترین تہذیب سے لے کر موجودہ جدید ترین دور تک ورچؤل تجربات سے آشنا کیا جائے گا جس میں پاکستان کے خوبصورت علاقوں، متنوع ثقافت اور مذہبی وسعت شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کم و بیش 6 ماہ پر محیط ایکسپو دبئی کیلئے 180 ایونٹس تیار کر لیے گئے ہیں جن میں پاکستان کے آرٹ، تہذیب، ثقافت، تعلیم اور سیر وسیاحت کے شعبوں پر توجہ دی گئی ہے جس میں کانفرنسز، سیمینارز اور تجارت و سرمایہ کاری اجلاس بھی شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ملکی برآمدات میں ہر روز اضافہ ہورہا ہے، گورنر پنجاب