مسئلۂ کشمیر کیلئے پاکستانی میڈیا کو مزید کام کرنا ہوگا۔ راجہ نجابت حسین

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

مسئلۂ کشمیر کیلئے پاکستانی میڈیا کو مزید کام کرنا ہوگا۔ راجہ نجابت حسین
مسئلۂ کشمیر کیلئے پاکستانی میڈیا کو مزید کام کرنا ہوگا۔ راجہ نجابت حسین

اسلام آباد: بانی  چیئرمین جموں و کشمیر تحریکِ حقِ خود ارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے کہا ہے کہ مسئلۂ کشمیر اجاگر کرنے کیلئے پاکستانی میڈیا کو مزید بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے برطانوی نژاد راجہ نجابت حسین نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کشیر کاز کیلئے دن رات بہت کام کیا ہے تاہم جدوجہد کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستانی میڈیا کو عالمی میڈیا سے لنک اپ ہونے کی اشد ضرورت ہے تاکہ مسئلۂ کشمیر نمایاں ہوسکے۔ اقوامِ عالم تک کشمیر میں ہونے والے مظالم کی خبریں براہِ راست پہنچنی چاہئیں تاکہ عالمی برادری کو بھارت کا گھناؤنا چہرہ نظر آئے۔

گفتگو کے دوران راجہ نجابت حسین نے کہا کہ بھارت نے نہتے مظلوم کشمیریوں پر 10 لاکھ فوج تعینات کر رکھی ہے۔ پیلٹ گنز سے فائرنگ کرکے چھوٹے چھوٹے بچوں کو بینائی سے محروم کیا جاتا ہے۔ نوجوان دن دہاڑے شہید کردئیے جاتے ہیں۔ بھارتی شہریوں کو کشمیر کی شہریت دی جارہی ہے۔ اقوامِ متحدہ کا کردار بھی مایوس کن ہے۔ 10 لاکھ کشمیری جنگِ آزادی میں جامِ شہادت نوش کرچکے ہیں جبکہ لاک ڈاؤن کو 469 روز گزر چکے ہیں۔

لاک ڈاؤن کے حوالے سے راجہ نجابت حسین نے کہا کہ انٹرنیٹ کی سہولت بند کردی گئی ہے تاکہ کشمیری بھارتی ظلم و ستم دنیا کو نہ دکھا سکیں۔ آج بھی کشمیری قوم کا جذبۂ آزادی ہمالیہ کی چوٹیوں سے بلند ہے۔ ابھی کشمیر کاز کیلئے بھرپور محنت کی ضرورت ہے۔ حکومتِ پاکستان، پاک فوج اور اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ ساتھ عوام کا بھی شکرہی ادا کرتا ہوں جو ہر وقت ہمارا ساتھ دیتے ہیں۔ ہم باقی تمام پاکستانیوں سے پہلے پاکستانی ہیں کیونکہ ہم نے 1949ء میں پاکستان سے الحاق کر لیا تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور آج بھی جو کشمیری جامِ شہادت نوش کرتا ہے، اسے پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کیا جاتا ہے۔ بھارت ظلم و ستم کا بازار گرم کرکرکے تھک ہار جائے گا لیکن ہمارا جذبۂ آزادی اسی طرح قائم و دائم رہے گا۔ ان شاء اللہ کشمیر آزاد ہو کر ایک نہ ایک دن ضرور پاکستان کا حصہ بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسئلۂ کشمیر پر اقوامِ متحدہ کا کردار بہت مایوس کن ہے،عبدالحمید لون

Related Posts