لاہور: ندا ڈار کی قیادت میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم آج بنگلہ دیش روانہ ہوگی جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی یہ میچز 25 اکتوبر سے10 نومبر تک چتوگرام اور ڈھاکہ میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے دورے کی تیاری چھ روزہ کیمپ میں کی۔ بارش کی وجہ سے یہ ٹریننگ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے باب وولمر انڈور سکول میں رہی۔
پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم آئی سی سی کی ٹی ٹوئنٹی عالمی رینکنگ میں اس وقت آٹھویں نمبر پر ہے جبکہ بنگلہ دیش کا نمبر نواں ہے۔
آئی سی سی چیمپئن شپ میں پاکستان اس وقت بارہ میچوں میں بارہ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ اس نے چھ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ چھ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
بنگلہ دیش نے اب تک نو میچوں میں صرف ایک جیتا ہے، ایک برابر ہوا، تین میں شکست ہوئی اور چار بارش کی نذر ہوئے ہیں۔
پاکستان ٹیم کی آل راؤنڈر عالیہ ریاض کا کہنا ہے کہ ہماری ٹیم بنگلہ دیش میں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے پرامید ہے، ہماری ٹریننگ خراب موسم کی وجہ سے متاثر ہوئی ہے لیکن ہماری کوشش ہوگی کہ جس طرح ہم نے جنوبی افریقہ کے خلاف کارکردگی دکھائی تھی اسی طرح بنگلہ دیش میں بھی دکھائیں۔
عالیہ ریاض کہتی ہیں کہ بنگلہ دیش کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ پر آسان نہیں ہوگی، ہمیں اس کی صلاحیت کا اندازہ ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ وہاں پہنچ کر جلد سے جلد خود کو وہاں کی وکٹوں سے ہم آہنگ کرسکیں تاکہ اپنی بہترین کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے۔
پاکستان ویمنز ٹیم ندا ڈار (کپتان)، عالیہ ریاض، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ،غلام فاطمہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، ام ہانی اور وحیدہ اختر پر مشتمل ہے۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف میں ناہیدہ خان (منیجر)، محتشم رشید (عبوری ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر ( بولنگ کوچ )، توفیق عمر (بیٹنگ کوچ)، محمد اسفندیار (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، سید نذیر احمد (میڈیا منیجر)، رفعت اصغرگل (فزیو تھراپسٹ) اور زبیر احمد (انالسٹ) شامل ہیں۔