لاہور: رامین شمیم کو ویسٹ انڈیز اے ویمنز ٹیم کے خلاف ہونے والی تین میچوں کی سیریز کے لیے پاکستان ویمنز اے ٹیم کی کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔سیریز کے لیے پندرہ رکنی ٹیم کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔
ویسٹ انڈیز ویمنز اے کے خلاف تین میچوں کی یہ سیریز لاہور میں کھیلی جائے گی۔ پہلے دو میچ 24 اور26 اکتوبر کو غنی انسٹی ٹیوٹ فار کرکٹ میں ہونگے جبکہ آخری ون ڈے 29 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
قومی ویمنز سلیکشن کمیٹی نے ٹیم کا انتخاب مرید کے میں قومی کیمپ میں اٹھائیس کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھنے کے بعد کیا ہے۔
ویسٹ انڈیز اے کے خلاف ون ڈے سیریز کے بعد سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی کھیلی جائے گی جس میں تیسری ٹیم تھائی لینڈ ایمرجنگ ہوگی۔ اس کے علاوہ تھائی لینڈ ایمرجنگ کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی ہونگے۔
ویسٹ انڈیز ویمنز اے کرکٹ ٹیم پاکستان کے دورے پر لاہور پہنچ گئی
رامین شمیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے کے علاوہ 2021 میں ویسٹ انڈیز کے دورے میں پاکستان ویمنز اے ٹیم کی قیادت بھی کرچکی ہیں۔
پاکستان ویمنز اے کی منتخب کردہ ٹیم میں رامین شمیم کے علاوہ گل فیروزہ سدرہ نواز شوال ذوالفقار عمیمہ سہیل اور طوبی حسن انٹرنیشنل کرکٹ کھیل چکی ہیں۔
پاکستان ویمنز اے ٹیم رامین شمیم (کپتان)، امبر کائنات، انوشہ ناصر، ایمان فاطمہ، فاطمہ شاہد، گل فیروزہ (وکٹ کیپر)، گل رخ، حمنہ بلال، نورین یعقوب، عمیمہ سہیل، صائمہ ملک، شوال ذوالفقار، سدرہ نواز (وکٹ کیپر)، تسمیہ رباب اور طوبٰی حسن پر مشتمل ہے جبکہ ٹریولنگ ریزرو میں فاطمہ خان، ماہم منظور اور سیدہ خدیجہ چشتی شامل ہیں۔
ٹیم کے حوالے سے چیف سلیکٹر سلیم جعفر کا کہنا ہے کہ اس اسکواڈ میں وہ کھلاڑی شامل ہیں جو ویمنز انڈر19 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایمرجنگ ایشیا کپ میں حصہ لے چکی ہیں اس کے علاوہ وہ کھلاڑی جنہوں نے ماضی قریب میں پاکستان کی قومی ٹیم کی نمائندگی کی ہے۔
سلیم جعفر کے مطابق لاہور کنٹری کلب مریدکے کے تربیتی کیمپ میں سلیکشن کمیٹی ان کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کررہی ہے، ہم سب کو منتخب کھلاڑیوں سے بہت امیدیں ہیں کہ وہ سیریز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی اوریہ ویسٹ انڈیز اے ٹیم کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔