کولمبو: پاکستان نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے اہم اور ہائی وولٹیج میچ کے دوران ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور بھارتی کپتان روہت شرما کے مابین ایشیا کپ کے ون ڈے انٹرنیشنل میچ کیلئے ٹاس ہوا جو پاکستان نے جیت لیا۔ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم پہلے فیلڈنگ کریں گے۔
کولمبو میں دھوپ نکل آئی، پاک بھارت میچ میں بارش کے امکانات بھی موجود
کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ٹیم اچھا کھیل رہی ہے۔ ہماری توجہ آج کے میچ پر مرکوز ہے۔ بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس ہارنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم بورڈ پر اچھا ٹوٹل لگانے کی کوشش کریں گے۔
خیال رہے کہ ایشیا کپ میں اس سے قبل ہونے والے میچ میں ٹاس بھارتی کپتان روہت شرما نے جیتا اور پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے پہلے فیلڈنگ کی تھی جس کے دوران بھارتی ٹیم 50اوورز بھی مکمل نہ کرسکی اور پویلین لوٹ گئی۔
آج کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان کے پلیئنگ الیون میں کپتان بابر اعظم کے علاوہ فخر زمان، امام الحق، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، افتخار احمد، شاداب خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، فہیم اشرف اور حارث رؤوف شامل ہیں۔
دوسری جانب آج پاکستان کے خلاف کھیلنے والی بھارتی ٹیم میں کپتان روہت شرما، شبھمن گل، ویراٹ کوہلی، کے ایل راہول، وکٹ کیپر ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، رویندر جدیجا، شردل ٹھاکر، جسپریت بمرا، کلدیپ یادیواور محمد سراج شامل ہیں۔