سینیئر پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کے بعد کینیا میں پاکستان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کرنے لگا۔
کینیا میں ٹوئٹر صارفین بڑی تعداد میں ارشدشریف اور پاکستان کے حوالے سے بحث کر رہے ہیں اور پاکستان ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی کینیا ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈنگ میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، ارشد شریف کو اتوار کی رات نیروبی مگاڈی ہائی وے پرشناخت میں غلطی پر پولیس نے سر پر گولی مار کر ہلاک کیا۔
کینیا پولیس نے باضابطہ جاری کردہ بیان میں کہا ہےکہ پولیس نے گاڑی چوری کی اطلاع پر علاقے کی ناکا بندی کی ہوئی تھی، متوفی ارشد شریف کی گاڑی ناکے پر رکنےکے بجائے آگے بڑھی تو پولیس نے فائرنگ کی، پولیس کی فائرنگ سے ارشد شریف کی موت واقع ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدرکو ٹیلی فون کرکے واقعےکی غیرجانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا ہے اور مرحوم کی میت کی جلد وطن واپسی کی کارروائی کے لیے درخواست کی ہے۔
کینیا کے صدر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کرنے اور واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ جلد دینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔