کراچی:پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے آخری روز جمعہ کو بھی مندی کا رجحان غالب رہا اورکے ایس ای 100انڈیکس مزید58.35پوائنٹس کی کمی سے45931پوائنٹس کی سطح پر آ گیاجب کہ54.61فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈکی گئی۔
جس کے نتیجے میں مارکیٹ کی سرمایہ کاروں کو 33ارب63کروڑ87لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑااور حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی جمعرات کی نسبت 14.44فیصد کم رہا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں گزشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور سرمایہ کار وں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے حصص کی خریداری میں دلچسپی کے باعث تیزی دیکھنے میں آئی اور دوران ٹریڈنگ کے ایس ای100انڈیکس46170پوائنٹس کی بلند سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم بعد ازاں پرافٹ ٹیکنگ رجحان کے سبب تیزی کا تسلسل برقرار نہ رہ سکااور مندی چھاگئی جس کے سبب انڈیکس 46ہزار کی نفسیاتی حد سے گرتے ہوئے45872پوائنٹس کی نچلی سطح پر آگیا بعد میں ریکوری آئی لیکن مندی کا رجحان غالب آگیا۔
کاروبار کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس58.35پوائنٹس کی کمی سے45931پوائنٹس پر بند ہوا۔،اسی طرح کے ایس ای30انڈیکس68.04پوائنٹس کی کمی سے 19109.64پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس129.05پوائنٹس کی کمی سے31914.58پوائنٹس کی سطح پرآ گیا۔
گزشتہ روز مجموعی طور پر412کمپنیوں کا کاروربار ہوا جس میں سے 169کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ225میں کمی اور 18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
مندی کے باعث مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت83کھرب41ارب41کروڑ64لاکھ روپے سے گھٹ کر83کھرب7ارب77کروڑ77لاکھ روپے ہوگئی۔