اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے لائن آف کنٹرول سے مقبوضہ وادی میں دراندازی کے بھارتی الزام کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بچھائی گئی باڑ ، الیکٹرانک آلات سے نگرانی اور بڑی تعداد میں فوجیوں کی موجودگی بھارتی الزام کے بے بنیاد اور جھوٹا ہونے کا منہ بولتے ثبوت ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیط چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کی مہم کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے، مقبوضہ جموں وکشمیر دنیا کا ایسا زون ہے جہاں سب سے زیادہ فوجی موجود ہیں ، اس وقت 9 لاکھ سے زائد بھارتی فوجی مقبوضہ کشمیر میں موجود ہیں۔
زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ بھارت نے کنٹرول لائن پر باڑلگائی ہے ،الیکٹرانک آلات سے بھی نگرانی کرتا ہے ۔بھارت نے سیکیورٹی کے کئی حصار قائم کررکھے ہیں،ان اقدامات کے تناظر میں کسی کے لیے ایل او سی پار کرنا ممکن نہیں ، بھارت مقبوضہ کشمیر اور پاکستان میں دہشت گردی کرارہا ہے
بھارتی بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس سے لے کرلاہور بم دھماکہ تک بھارتی دہشت گردی عیاں ہے ،2020 میں دنیا کو بھارتی دہشت گردی ،دہشت گردوں کی مالی معاونت سے متعلق ٹھوس ثبوت دیئے ۔
انہوں نے کہا کہ فروری 2021 میں پاکستان نےفائربندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے بھارت سے بات کی، اقدام کا مقصد خطہ میں امن اور کشمیریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا ۔
دفتر خارجہ ترجمان نے بھارت کو متنبہ کیا کہ دراندازی کے نام پر جھوٹ بول کر فائربندی مفاہمت کو نقصان نہ پہنچایا جائے ،بھارت فلیگ آپریشنز کے ذریعہ جھوٹ پھیلانے سے باز رہے ، غیر ذمہ دارانہ بھارتی بیاناتت سے خطہ میں امن اور سیکیورٹی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اللہ کے فضل سے پاکستان کورونا کے خطرناک اثرات سے محفوظ ہورہا ہے، وزیراعظم