اردن کے ایک تھنک ٹینک رائل انسٹیٹیوٹ آف سٹریٹجک اسٹڈیز نے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست جاری کی جس میں وزیراعظم عمران خان کو مین آف دی ایئر اور فلسطین کی کانگریس رکن راشدہ طالب ویمن آف دی ایئر قرار دیا گیا۔
‘دی مسلم 500’ پروجیکٹ کے چیف ایڈیٹر اور قاہرہ میں امریکی یونیورسٹی کے شعبہ صحافت کے پروفیسر ایس عبداللہ شلیفر نے وزیر اعظم عمران خان کو سال کا بہترین شخص قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ان کے پڑوسی ملک بھارت سے امن کی جستجو کی وجہ سے وہ اس اعزاز کے حق دار ہیں۔
پروفیسر ایس عبد اللہ شیلفر نے کہا کہ وہ کرکٹ کو بھی بہت سمجھتے ہیں اور عمران خان کو بطور کرکٹر اور کپتان بخوبی جانتے ہیں۔ ورلڈ کپ 1992 جیتنے کے بعد جس طرح عمران خنا نے فنڈز مہم سے شوکت خانم اسپتال بنایا وہ قابل ستائش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اگر مسلم 500 کو 1992 میں شائع کیا جاتا اور میں اس وقت بھی چیف ایڈیٹر ہوتا تو میں عمران خان کو کرکٹ کی بہترین پرفارمنس پر مسلمانوں کا سال کا بہترین شخص نامزد کرتا جن کی وجہ سے پاکستان نے 1992 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتا تھا’۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘1985 میں کینسر کی وجہ سے اپنی والدہ کو کھونے کے بعد یہ عمران خان کا بہترین رد عمل تھا اور عمران کی خوش مزاج شخصیت کی وجہ سے ان کی پاکستان اور بیرون ممالک میں مقبولیت کی وجہ سے انہوں نے 1994 تک اتنے فنڈز اکٹھے کیے کہ شوکت خانم میموریل ہسپتال نے لاہور میں اپنے دروازے کھولے، جہاں 75 فیصد مریض اپنا مفت علاج کرواتے ہیں’۔
عمران خان کو مین اف دی ائیر قرار دینے کی بڑی وجہ بیان کی گئی کہ وزیراعظم بنتے ہی انہوں نے روایتی حریف بھارت کو ناصرف مزاکرات کی دعوت دی بلکہ یہ بھی کہا کہ نریندر مودی اگر ایک قدم آگے بڑھے گا تو وہ دو قدم آگے بڑھے گئے۔ عمران خان نے حکمت عملی سے خطے میں امن کو فروغ دیا جب کہ بھارت نے ستمبر 2018 میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس کے بعد وزرائے خارجہ کی ملاقات منسوخ کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ‘عمران خان نے مودی کے دوبارہ انتخابات جیتنے کے بعد بھی انہیں مبارک باد کا خط لکھا اور امید ظاہر کی کہ وہ مل کر جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے کام کریں گے، ایک ماہ بعد عمران خان نے مودی کو دوبارہ خط لکھا تاہم دوبارہ مودی نے جواب دینے سے گریز کیا’۔
وزیر اعظم نے مسلم دنیا کے سب سے نمایاں شخصیت کا اعزاز حاصل کیا جبکہ ان کے ساتھ امریکا کی کانگریس ویمن راشدہ طلیب کو ادارے نے مسلم دنیا کی سال کی بہترین خاتون قرار دیا۔