کراچی: پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نیوی کے 3 رئیر ایڈمرلز کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بحری فوج کے 3 رئیر ایڈمرلز کو آج بہتر رینک پانے کیلئے خدمات سرانجام دینے کا اہل سمجھتے ہوئے وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی جن میں سابق رئیر ایڈمرلز عمران احمد، نوید اشرف اور اویس احمد شامل ہیں۔
وائس ایڈمرل نوید اشرف، عمران احمد اور اویس احمد پاک بحریہ میں کمانڈ اینڈ اسٹاف کی ذمہ داریاں سرانجام دینے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نے تینوں عہدیداران کو ذمہ داریاں تفویض کیے جانے پر مبارکباد دی۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل نیول چیف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا کہ پاک بحریہ خطے کی مضبوط بحری قوت کے طور پر جانی اور پہچانی جاتی ہے جبکہ آپریشن سومنات میں آبدوز غازی نے دشمن کے اوسان خطا کردئیے۔
گزشتہ روز امیر البحر ایڈمرل امجد خان نیازی نے قومی یومِ بحریہ کے موقعے پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج کا دن بحریہ کے عظیم سرفروشوں کی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔
امیر البحر ایڈمرل امجد خان نے کہا کہ آج کے روز آبدوز غازی نے ملک کی بحری سرحدوں کی حفاظت کیلئے بے مثال تاریخ رقم کرتے ہوئے دشمن کی بحری فوج کو بھارتی بندرگاہ تک محدود کردیا۔
مزید پڑھیں: پاک بحریہ خطے کی مضبوط بحری قوت کے طور پر پہچانی جاتی ہے۔نیول چیف