وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ ملکِ خداداد پاکستان کی خوبصورتی تصور سے بلند ہے جس میں چھپے ہوئے فطری نظارے موجود ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں خفیہ فطری حیران کن مناظر اور سیاحوں کو راغب کرنے والے ایسے نظارے ہیں جنہیں کبھی ریکارڈ پر نہ لایا جاسکا۔
Pakistan is a land of unimaginable beauty, hidden natural wonders and untapped tourism potential. https://t.co/Zvs5x5aOId
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) December 29, 2019
اپنےپیغام کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم عمران خان نے وینڈر لسٹ نامی برطانوی ویب سائٹ کا لنک بھی شیئر کیا جس میں پاکستان کے خوبصورت ترین مقامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
برطانوی ویب سائٹ وینڈر لسٹ میں پاکستان کے 9 خوبصورت فطری نظاروں سے بھرپور مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے انہیں دلفریب قرار دیا گیا ہے۔
ویب سائٹ میں پاکستان کے جن 9 مقامات کا ذکر کیا گیا ہے، ان میں بلتورو گلیشیئر، وادئ نیلم، مکرانی ساحل کے قریبی نیشنل پارک، صحرائے تھر اور جھیل سیف الملوک شامل ہیں۔
پاکستان کے 9 خوبصورت ترین مقامات میں وادئ ہنزہ، اور 2010ء میں دریائے ہنزہ کے قریب تخلیق ہونے والی اتابند جھیل بھی شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے لیے روئے زمین پر موجود سب سے خوبصورت ملک ہے جس کا اعتراف آج دُنیا میں کیا جارہا ہے۔
ٹوئٹر پر 7 روز قبل اپنے پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان میں مہمان نواز لوگ ہیں جو دوسرے ملک سے آنے والوں کی آؤ بھگت اپنے مذہب و ثقافت کا حصہ سمجھتے ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان دنیا کا سب سے خوبصورت ملک ہے۔صدر عارف علوی