اسلام آباد: ملک بھر میں یومِ پاکستان آج ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے جو ہر سال 23 مارچ کے روز قراردادِ پاکستان 1940ء کی منظوری کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بانئ پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں برصغیر کے مسلمانوں نے ہندوؤں سے الگ آزا د وطن حاصل کیا۔ تحریکِ آزادی میں قراردادِ پاکستان کی منظوری کو اہم سنگِ میل سمجھا جاتا ہے۔
قراردادِ پاکستان لاہور کے تاریخی منٹو پارک میں 23 مارچ 1940ء کو پیش کی گئی جہاں بعد ازاں یادگار کے طور پر مینارِ پاکستان کی تعمیر عمل میں لائی گئی۔ یومِ پاکستان کی مناسبت سے ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
ملک بھر میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایس او پیز کو مدِ نظر رکھتے ہوئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ سرکاری اور نجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
آج دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ نمازِ فجر کے اجتماعات میں مادرِ وطن کے استحکام و سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
سرکاری و نجی ٹی وی چینلز نے بھی یومِ پاکستان کے حوالے سے خصوصی دستاویزی پروگرام نشر کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ ریڈیو اسٹیشنز اور دیگر ذرائع ابلاغ بھی یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔
ہر سال یومِ پاکستان کے موقعے پر کراچی میں بانئ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح جبکہ لاہور میں حکیم الامت علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریبات کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے۔شکر پڑیاں گراؤنڈ اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ 25 مارچ کو ہوگی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے یومِ پاکستان کے حوالے سے خصوصی نغمہ ایک قوم، ایک منزل ریلیز کردیا جسے معروف گلوکار علی ظفر اور آئمہ بیگ نے گایا ہے۔
پاک فوج نے 13 اور 14 مارچ کی درمیانی شب ویڈیو شیئرنگ کی سب سے بڑی ویب سائٹ یو ٹیوب پر ایک قوم، ایک منزل کے عنوان سے یومِ پاکستان کا خصوصی نغمہ ریلیز کیا جسے لاکھوں بار دیکھا جاچکا ہے۔
مزید پڑھیں: ایک قوم ایک منزل، آئی ایس پی آر نے یومِ پاکستان کا ملی نغمہ ریلیز کردیا